والدین کی طرف سے حج کرنے کی فضیلت والی روایات
ذخیرۂ احادیث میں اس مضمون کی روایات دو طرح کی ہیں: ایک وہ جن میں والدین کی طرف سےحج کرنے کی صراحت ہے ، اور دوسری وہ روایات جن میں مطلقا میت کی طرف سے حج کرنے کا ذکر ہے ۔ پہلی قسم کی روایات چار صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم سے مروی ہیں : حضرت جابر بن عبد اللہ ، حضرت زید بن ارقم ، حضرت ابن عباس ، حضرت ابن عمر ، رضی اللہ عنہم ۔ ۱۔ حضرت جابر بن عبد اللہ کی روایت : ﴿ مَنْ حَجَّ عن أبِيهِ أوْ أُمِّه؛ فقَد قَضى عنهُ حَجَّتَه، وكانَ لَهُ فَضلُ عَشرِ حِجَجٍ ﴾ تخریج : سنن الدارقطنی ( 3 / 300 رقم 2610 ) بروایت عثمان بن عبد الرحمن الطرائفی ، عن محمد بن عمرو ، عن عطاء بن ابی رباح ، عن جابر۔ سند کا حکم :ضعیف جدا ابن ابی حاتم نے (کتاب العلل 3/231 ) میں اپنے والد ابوحاتم رازی سے اس حدیث کے بارے میں دریافت کیا ، تو ابو حاتم نے فرمایا : لَيْسَ هَذَا محمَّدَ بنَ عَمْرو؛ إِنَّمَا هذا : محمَّدُ بنُ عُمَرَ الَّذِي يُعْرَفُ بالمُحْرِم ؛ وَكَانَ واهِيَ الْحَدِيثِ؛ وَهَذَا عندي حديثٌ باطِل. امام غُریانی نے (مختصر سنن الدارقطنی ) میں فرمایا...