صحابہ کرام کا حضور کی خدمت میں کھجور پیش کرنا



صحابہ کرام  کا محنت کی کمائی سے حضور کی خدمت میں کھجور لاکر پیش کرنا

مفتی عادل صاحب عثمانی نے یہ سوال کیا کہ :
ایسی کوئی روایت ہے کہ صحابہ کرام دن بھر محنت مزدوری کرکے چند کھجور جمع کرتے. اور اس کو آپ ﷺ کی خدمت میں لا کر صدقہ کر دیتے.

میں نے جواب دیا کہ : اس طرح کی بات حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کے اسلام لانے کے طویل واقعہ میں موجود ہے ۔وہ مدینہ منورہ میں کسی باغ میں کام کرتے تھے ، جب انہوں نے حضور ﷺ کی آمد کی خبر سنی ، تو انہوں نے اپنی مالکہ سے ایک دن کی چھٹی مانگی ، اس نے منظور کرلی ، فرماتے ہیں :
میں وہاں سے روانہ ہوا ،کچھ لکڑیاں کاٹیں اور انہیں بیچ کر کھانا تیار کیا ،اور اسے لے کر نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا ،اور نبی کریم ﷺ کے سامنے پیش کیا ،نبی کریم ﷺ نے پوچھا یہ کیا ہے ؟ میں نے عرض کیا کہ: یہ صدقہ ہے ،نبی کریم ﷺ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا کہ تم لوگ ہی کھالو ،نبی کریم ﷺ نے اسے تناول نہ فرمایا ۔
پھر کچھ عرصہ گذرنے کے بعد ایک مرتبہ دوبارہ میں نے اپنی مالکہ سے ایک دن کی چھٹی مانگی جو اس نے مجھے دے دی ،میں نے حسب سابق لکڑیاں کاٹ کر بیچ کر کھانا تیار کیا، اور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا ،نبی کریم ﷺ اپنے ساتھیوں کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے، میں نے وہ کھانا نبی کریم ﷺ کے سامنے لے جا کر رکھ دیا ،نبی کریم ﷺ نے پوچھا یہ کیا ہے ؟ میں نے عرض کیا : یہ ہدیہ ہے، نبی کریم ﷺ نے اپنا ہاتھ بڑھایا اور صحابہ رضی اللہ عنہم سے بھی فرمایا کہ :کھاؤ اللہ کے نام سے۔

یہ مسند احمد (۲۳۷۱۲)کی روایت ہے ، اس میں ان کا پورا دن محنت مزدوری کرکے ، اس کی رقم سے حضور کی خدمت میں کھانا پیش کرنا مذکور ہے ، پہلی بار بنیت صدقہ ، اور دوسری بار من باب الہدیہ ۔

مگرمسند احمد کی دوسری روایت (۲۲۹۹۷) نیز  مستدرک حاکم (۳/۶۹۲) مصنف عبد الرزاق (۸/۴۲۰) معجم کبیر (۶/۲۳۲) مسند الحارث (۲/۸۶۸) کی روایتوں میں : کھجور لاکر پیش کرنا بھی وارد ہے ، تو اس طرح سے دونوں باتیں مل گئیں : محنت مزدوری کی کمائی ، اور اس سے کھجور لاکر پیش کرنا ۔

یہ بھی یاد رکھیں کہ : واعظین مقررین بعض مرتبہ کسی ایک صحابی کے واقعہ کو تمام صحابہ کی طرف نسبت کرتے ہوئے بالفاظ عموم بیان کرتے ہیں کہ : صحابہ کرام ایسا کرتے تھے، جبکہ وہ واقعہ کسی مخصوص صحابی کا ہوتا ہے ۔

ہذا مااراہ ، والعلم عند اللہ
رقمہ :محمد طلحہ بلال احمد منیار
8/1/2018


Comments

Popular posts from this blog

اللہ تعالی کی رضا اور ناراضگی کی نشانیاں

جنت میں جانے والے جانور

تخریج حدیث : النکاح من سنتی